Friday, April 19, 2024

صارفین بجلی کے غیرضروری استعمال سے گریز کریں : وزارت پانی و بجلی

صارفین بجلی کے غیرضروری استعمال سے گریز کریں : وزارت پانی و بجلی
October 2, 2016
اسلام آباد (92نیوز) چار آئی پی پیز اور دو جینکوز کی غیرمتوقع بندش سے شارٹ فال مزید بڑھ گیا۔ ترجمان وزارت پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ پیداوارمیں کمی کی صورتحال آئندہ چندروزتک جاری رہے گی اس لیے صارفین بجلی کے غیرضروری استعمال سے گریز کریں۔ ترجمان کا کہنا ہے منگلا ڈیم میں آنے والی فنی خرابی دور کرلی گئی ہے اور بجلی کی ترسیل معمول کے مطابق ہو رہی ہے۔ گرمی کی لہر کے باعث بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا بجلی کا شارٹ فال بڑھنے سے منگلا ڈیم کا پاور ہاوس جواب دے گیا تھا مگر واپڈا کی ٹیموں نے فنی خرابی پر جلد قابو پا لیا۔ ذرائع وزرات پانی وبجلی کے مطابق اس وقت سسٹم میں 13 ہزار 500 میگاواٹ بجلی شامل ہو رہی ہے جبکہ شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ ہے۔ بجلی کی طلب 18 سے 19 ہزار میگاواٹ ہے۔ اسی وجہ سے بجلی کی طلب میں پچھلے سال کی نسبت کافی زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ 1230 میگاواٹ کے چار آئی پی پیز اور دو جینکوز کی غیرمتوقع بندش سے بھی شارٹ فال میں اضافہ ہوا ہے۔ موجودہ صورت حال کچھ دن تک جاری رہ سکتی ہے حتیٰ کہ ان پلانٹس کو بحال کر لیا جائے۔ صارفین سے گزارش ہے کہ ان حالات کی بنا پر بجلی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور بجلی کے استعمال میں کمی لائیں تاکہ غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے بچا جا سکے۔