Saturday, April 20, 2024

سرل المیڈا کے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی : وزیرداخلہ

سرل المیڈا کے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی : وزیرداخلہ
October 13, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے بانی کے گھر سے ہتھیاروں سے متعلق دستاویزات ملی ہیں۔ نائن زیرو کے قریب سے برآمد ہتھیاروں اور فہرست کا کوئی تعلق ضرور ہے۔ سرل المیڈا کے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی۔ صحافی اور دو تین دیگر افراد سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ چودھری نثار نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ سرل المیڈا کے معاملے میں جو کچھ ہوا سامنے آنا چاہیے۔ معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی۔ انگریزی اخبار میں شائع ہونے والا مو¿قف ہمارے دشمنوں کا ہے۔ جس نے بھی خبر لیک کی اسے کٹہرے میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا انگریزی اخبار کے صحافی نے قومی سلامتی کے خلاف غلط خبر دے کر پاکستان دشمنوں کے ایجنڈے کی ترجمانی کی۔ صحافی ملک سے باہر جانا چاہتا تھا۔ اگر ایسا ہو جاتا تو الزام حکومت پر لگتا۔ اب انکوائری ہو گی‘ ثبوت بھی مانگے جائیں گے۔ انہوں نے کہا خبر چھپنے کے حوالے سے ہمارے پاس بھی کچھ ثبوت ہیں جن کی انکوائری ہونی چاہیے۔ ہم خبر دینے والے سے ان ثبوتوں پر گواہی بھی لینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا اگر صحافی بیرون ملک چلا جاتا تو الزام لگتا کہ حکومت نے خبر چھپوائی اور صحافی کو باہر بھیج دیا۔ چودھری نثار نے کہا کہ بات تردید پر ختم ہو جاتی لیکن سوشل میڈیا کے پیغام نے بات کو بڑھادیا۔ یہ بات اس لیے ختم نہیں کی جا رہی کیونکہ یہ ملکی مفاد کی بات ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا اگر اجلاس میں موجود سب لوگ تردید کر رہے ہیں تو اس سازش کے پیچھے کون ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا انکوائری جلدازجلد مکمل کر خبر لیک کرنے والے کا پتہ چلا لیا جائے گا۔