Wednesday, April 24, 2024

آرمی چیف پولیس ٹریننگ سنٹر کوئٹہ پہنچ گئے‘ وزیراعظم بھی روانہ

آرمی چیف پولیس ٹریننگ سنٹر کوئٹہ پہنچ گئے‘ وزیراعظم بھی روانہ
October 25, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف کوئٹہ پہنچ گئے۔ وزیراعظم نوازشریف بھی روانہ ہو گئے جو کچھ دیر میں پہنچیں گے۔ شہر میں امن وامان کے حوالے سے سیاسی و عسکری قیادت کا اہم اجلاس بھی ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشت گردوں کے حملے میں 62 جانیں چلی لی گئیں جس کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف صوبائی دارالحکومت پہنچ گئے جہاں انہوں نے سریاب روڈ پر واقع پولیس ٹریننگ کالج کا دورہ کیا جسے دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔ آرمی چیف کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم آئی بھی ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے بھی دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کوئٹہ جانے کا فیصلہ کیا۔ وہ کچھ دیر میں کوئٹہ کےلئے روانہ ہونگے۔ وزیراعظم نے اپنی تمام مصروفیات منسوخ کردی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کا اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی ملتوی کر دیا۔ وفاقی وزراءبھی وزیراعظم کے ہمراہ ہونگے۔ وزیراعظم نوازشریف کوئٹہ میں امن وامان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرینگے۔ انہیں شہر میں سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جائیگی۔ وزیراعظم ہسپتال کا دورہ بھی کرینگے جہاں وہ حملے میں زخمی ہونیوالے اہلکاروں کی عیادت کرینگے۔