Saturday, April 27, 2024

آرمی چیف کا دورہ شمالی و جنوبی وزیرستان‘ متعدد منصوبوں کا افتتاح

آرمی چیف کا دورہ شمالی و جنوبی وزیرستان‘ متعدد منصوبوں کا افتتاح
November 15, 2016
اسلام آباد (92نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا شمالی اورجنوبی وزیرستان کا دورہ۔ سڑک، سکول اور سپورٹس سٹیڈیم سمیت کئی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں اورقبائلی جرگے سے خطاب کیا۔ آرمی چیف کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب سے قبائلی علاقوں سے دہشت گردی کے نیٹ ورکس کا خاتمہ ہو گیا۔ امید ہے فاٹا کی نوجوان نسل تعلیم اور کھیل کی جدید سہولتوں سے فائدہ اٹھائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا ۔ انہوں نے قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب کیا اور فاٹا میں کئی ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔ آرمی چیف کو آپریشن ضرب عضب اور فاٹا میں جاری متاثرین کی دوبارہ آباد کاری کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے 84کلومیٹر طویل بنوں میران شاہ غلام خان روڈ کا بھی افتتاح کیا۔ یہ سڑک افغانستان کے ساتھ تجارت کے لیے سب سے مختصر روٹ ہو گا۔ نیا راستہ کھلنے سے بنوں اور افغانستان کا راستہ ڈیڑھ گھنٹہ رہ گیا۔ آرمی چیف نے جدید سہولتوں سے مزین یونس خان سپورٹس سٹیڈیم اور چک ملائی میں نو تعمیرشدہ آرمی پبلک سکول کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ امید ہے فاٹا کی نوجوان نسل تعلیم اور کھیل کی جدید سہولتوں سے فائدہ اٹھائے گی۔ COAS اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے باعث قبائلی علاقوں سے دہشت گردوں کا نیٹ روک ختم ہوگیا۔ انہوں نے فاٹا میں تعمیر و ترقی اور آبادکاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ عمل 2016ءمیں ہی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کی جانب سے فوج کے ساتھ تعاون کی تعریف کی۔ علاقے سے دہشت گردی کے خاتمے پر قبائیلی عمائدین نے پاک فوج اور آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کیا۔ دورے کے دوران بیگم راحیل شریف نے قبائیلی خواتین سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ بیگم راحیل شریف نے خواتین کو بحالی کے عمل میں پیش مشکلات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس سے قبل فاٹا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمٰن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔