Friday, April 26, 2024

آرمی چیف نے 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی

آرمی چیف نے 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی
October 13, 2016
اسلام آباد (92نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے معصوم شہریوں‘ خواتین‘ پولیو ورکرز اور سکیورٹی اہلکاروں کے قتل میں ملوث دس انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو سزائے موت دینے کی توثیق کر دی۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف نے دس انتہائی خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت پر مہر ثبت کر دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان دہشت گردوں کو فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔ آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ مجرم محمد شاہد عمر ولد زمان خان دو خواتین پولیو ورکرز اور ایک این جی او کے 11 ورکرز سمیت کئی سویلین کے قتل کا ذمہ دار تھا۔ ایک اور مجرم حسین شاہ ولد فضل حادی میجر مصطفی، کیپٹن وسیم سمیت متعدد سکیورٹی اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا۔ دہشت گرد ظفر اقبال ولد محمد خان نے فرنٹئیر کانسٹیبلری کے صوبیدار اول خان اور نائیک عظمت اللہ کوقتل کیا تھا۔ انور زیب ولد توتکے پولیس کے سب انسپکٹر عمر غنی کے قتل میں ملوث تھا۔ عبیدالرحمان ولد فضل ہادی اور شیرعالم ولد حنیف الرحمان تحریک طالبان پاکستان کے کارکن تھے۔ دونوں متعدد شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ مجرم عطا اللہ ولد محمد سلطان، مشتاق خان ولد سعید گل، اصغر خان ولد نادر خان، شمس القمر ولد شاہ گلبہار بھی تحریک طالبان پاکستان کے کارکن تھے اور دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث پائے گئے تھے۔ ان دہشت گردون کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور دھماکہ خیر مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔