Saturday, April 27, 2024

وزیراعلیٰ بلوچستان نے سول ہسپتال میں دو سال سے غیرفعال ٹراما سینٹر فعال کر دیا

وزیراعلیٰ بلوچستان نے سول ہسپتال میں دو سال سے غیرفعال ٹراما سینٹر فعال کر دیا
October 3, 2016
کوئٹہ (92نیوز) کوئٹہ کے سول ہسپتال میں دو سال سے غیر فعال ٹراما سینٹر بالآخر فعال کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ٹراما سینٹر کا افتتاح کیا۔ نواب ثناءاللہ زہری ہڑتالی ڈاکٹروں پر برس پڑے۔ کہتے ہیں ڈاکٹر فرشتے ہیں اور نہ آسمان سے اترے ہیں۔ ہڑتال ہرصورت ختم کرکے عوام کی خدمت کرنا ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے کوئٹہ کے سول ہسپتال میں نئے تعمیر ہونے والے ٹراما سینٹر کی عدم فعالی کا نوٹس لیا تو محکمہ صحت بلوچستان بھی جاگ اٹھا اور سانحہ کوئٹہ کے دوماہ بعد سول ہسپتال میں تعمیر کئے گئے ٹراما سینٹر کا بالاخر ڈراپ سین ہو گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے سول ہسپتال میں دو سال سے غیر فعال ٹراما سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے ڈاکٹروں کو وارننگ دی کہ ہڑتال ختم کرکے ڈیوٹی پر آجائیں۔ ٹراما سینٹر کے انچارج ڈاکٹر سرجن جمیل کا کہنا ہے کہ ٹراما سینٹر میںعوام کو صحت کی تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی آیندہ کسی بھی بڑے واقعہ کی صورت میں زخمیوں کو سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ دوسری جانب ینگ ڈاکٹر ز نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹراماسینٹر میں بیشتر بیڈز اور دیگر ضروریات کا سامان ہسپتال کے دوسرے شعبوں سے لایا گیا ہے۔ حکومت دھمکی دینے سے پہلے موجودہ سرکاری ہسپتالوں کی صورتحال ٹھیک کرے۔