Saturday, April 27, 2024

نیپ اجلاس : سیاسی اور عسکری قیادت ملکی سلامتی کیلئے سر جوڑ کر بیٹھ گئی

نیپ اجلاس : سیاسی اور عسکری قیادت ملکی سلامتی کیلئے سر جوڑ کر بیٹھ گئی
October 4, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان پر بڑوں کی بیٹھک۔ اجلاس میں آرمی چیف‘ چاروں وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم آزاد کشمیر شریک ہیں۔ سیاسی اور عسکری قیادت نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال اور ملکی سلامتی پر غور کیا۔ اجلاس سے قبل وزیراعظم اور آرمی چیف میں ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کے دن میں آج دو اہم اجلاس ہو رہے ہیں۔ سیاسی وعسکری قیادت پہلے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لے رہی ہے بعد میں قومی سلامتی کے حوالے سے بیٹھک ہو گی۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کےلئے جائزہ اجلاس میں وزیراعظم نے تمام مہمانوں کا فرداً فرداً استقبال کیا اور ان سے ہاتھ ملایا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف ایک ساتھ آئے۔ دونوں کی نشستیں بھی ساتھ ساتھ تھیں۔ اجلاس میں صوبوں کی طرف سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ رپورٹ پیش کی گئی۔ مدارس اصلاحات‘ ان کی رجسٹریشن اور دہشت گردوں کو بیرونی فنڈز کی روک تھام کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بھی آج ہی ہو رہا ہے۔ سیاسی اور عسکری قیادت کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور اندرونی و بیرونی صورتحال کا جائزہ لے گی۔ آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائیگا۔ دوسری جانب اجلاس سے پہلے وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے وزیراعظم کو تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم کاکہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پراجاگر کریں گے۔