Friday, May 3, 2024

امریکہ نے روس سے سائبر جنگ لڑنے کا فیصلہ کر لیا

امریکہ نے روس سے سائبر جنگ لڑنے کا فیصلہ کر لیا
October 15, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت نے امریکہ کو ناراض کر دیا۔ امریکہ نے روس کے ساتھ ایک نئے محاذ پر جنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ روس پر سائبر حملہ کر سکتا ہے جس کے لیے سی آئی اے کو تیار رہنے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کرنا روس کو مہنگا پڑ گیا کیوں کہ جواب میں سی آئی اے کو روس کے خلاف سائبر حملے کے لیے تیار رہنے کی تاکید کر دی گئی۔ امریکی میڈیا کے مطابق اوباما انتظامیہ کی جانب سے روس کو سبق چکھانے کے لیے نسخہ تیار رکھنے کا کہہ دیا گیا ہے۔ غضب ناک امریکہ نے سی آئی اے کو کہا ہے کہ روس کو صدارتی انتخابات کے حوالے سے مداخلت کرنے کے جرم میں سزا دینے کی بھرپور تیاری رکھی جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان امور پر وائٹ ہاوس غور کررہا ہے کہ سائبر حملوں کے ساتھ کس طرح دشمن کو زچ پہنچائی جاسکتی ہے۔ ادھر وائٹ ہاوس کی جانب سے حکم کے تحت سی آئی اے نے روس پر سائبر حملوں کے طبل جنگ بجانے کی بھی تیاری کر لی ہے اور امریکی سی آئی اے حکام کے مطابق اس حوالے سے تمام آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔ نائب صدر جو بائیڈن بھی اس معاملے میں بہت زیادہ سرگرم ہوگئے ہیں اور اس آرڈر پر عمل درآمد کے حوالے سے اب تک کئی اہم اجلاس کر چکے ہیں۔