Thursday, April 25, 2024

چیئرمین تحریک انصاف نے انتخابی اُمور کیلئے پارٹی الیکشن سیل قائم کردیا

چیئرمین تحریک انصاف نے انتخابی اُمور کیلئے پارٹی الیکشن سیل قائم کردیا
March 26, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے انتخابی امور کے لئے پارٹی الیکشن سیل قائم کردیا۔ ہمایوں اختر پی ٹی آئی الیکشن سیل کے فوکل پرسن ہوں گے۔ اسلام آباد عدالت میں پیشی کے حوالے سے زمان پارک میں اجلاس بھی طلب کرلیا گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا انتخابی تیاریاں جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ عمران خان نے انتخابی امور کے لئے پا رٹی الیکشن سیل قائم کردیا۔

ہمایوں اختر پی ٹی آئی الیکشن سیل کے فوکل پرسن ہوں گے۔ الیکشن سیل میں اعجاز چوہدری ، ریاض فتیانہ ،رائے عزیز اللہ ممبر ہوں گے۔  پارٹی الیکشن سیل انتخابات کے حوالے سے تکنیکی امور دیکھے گا۔ الیکشن سیل ووٹر لسٹوں ، بلاک کوڈ اوردیگر تکنیکی معاملات پر امیدواروں کی معاونت کرے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ الیکشن سیل بھرپور اندازسے انتخابی امور سے پارٹی قیادت اورامیدواروں کو آگاہ رکھے، آئین کے مطابق انتخابات ہوکررہیں گے ، حکمرانوں کو اس سے بھاگنے نہیں دیں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد عدالت میں پیشی کے حوالے سے عمران خان نے زمان پارک میں اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس میں پارٹی کی مرکزی قیادت اور قانونی ٹیم شریک ہوگی۔ 

اجلاس میں کل اسلام آباد عدالت میں پیش ہونے کے معاملے پر مشاورت ہوگی۔ قانونی ٹیم کیسز پر بریف کرے گی، کارکنوں کو اسلام آباد ساتھ لیکر جانا ہے یا نہیں اس پر بھی مشاورت کی جائے گی۔