Friday, April 26, 2024

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری
October 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔  

عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں 20 اگست کو پینل کوڈ کی دفعہ 188\189  اور 504\506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے میں دفعہ 506 دھمکی آمیز بیان دینے پر درج کی گئی۔

وارنٹ گرفتاری کا سنتے ہی پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد بنی گالہ پہنچ گئی، احتجاج کیا، عمران خان کے حق اور حکومت مخالف نعرے بازی بھی کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر خاتون جج کے خلاف دھمکی آمیز بیان کے مقدمے میں عمران خان کے خلاف دہشت گردی کی دفعہ ختم ہوگئی تھی تاہم مقدمے میں عمران خان نے باقی دفعات میں ضمانت نہیں کروائی تھی، عدالت نے عمران خان کے پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ وارنٹ گرفتاری ایک قانونی عمل ہے۔ عمران خان نے سیشن کورٹ سے ابھی تک اپنی ضمانت نہیں کروائی۔ ان کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں۔ پیش نہ ہونے کی صورت میں انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔