Saturday, May 18, 2024

چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی ٹریفک حادثے میں جاں بحق

چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی ٹریفک حادثے میں جاں بحق
January 8, 2022 ویب ڈیسک

چاغی (92 نیوز) چاغی میں چیئرمین سینٹ میر صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

میر صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی سالار خان سنجرانی لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں حادثے کا شکار ہوئے، کراچی سے کوئٹہ جاتے ہوئے گاڑی آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے حادثے میں کار ڈرائیور محمد یونس موقع پر جاں بحق ہوئے، سالار سنجرانی کو اوتھل میں طبی امداد کے بعد کراچی روانہ کیا گیا تاہم ایمبولینس میں دم توڑ گئے۔ 

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی سالار سنجرانی اور ان کے ڈرائیور کی ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے کی اطلاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومین کیلئے مغفرت اور بلندی ء درجات کی دعاء کی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کے بھائی سالار سنجرانی کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا۔ کہا کہ چیئرمین سینٹ اور خاندان کے دیگر افراد کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی سالار سنجرانی کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا۔