Sunday, September 8, 2024

چیئرمین پی ٹی آئی پر لاہور میں ہنگامہ آرائی، پرتشدد واقعات پر ایک اور مقدمہ درج

چیئرمین پی ٹی آئی پر لاہور میں ہنگامہ آرائی، پرتشدد واقعات پر ایک اور مقدمہ درج
March 9, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی پر ایک اور پرچہ کٹ گیا، لاہور میں ہنگامہ آرائی اور پرتشدد واقعات پر عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ میں فواد چودھری، حماد اظہر، فرخ حبیب، حسان نیازی، محمود الرشید سمیت پارٹی رہنماء اور 400 کارکن نامزد کیے گئے ہیں۔ محمود الرشید اور اعجاز چودھری نے انسداد دہشت گردی عدالت سے 25 مارچ تک عبوری ضمانت لے لی۔

تھانہ ریس کورس میں درج مقدمے میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، دفعہ 144 کی خلاف ورزی، پولیس مزاحمت اورتوڑ پھوڑ کی دفعات شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے کارکن عمران خان، حسان نیازی، فرخ حبیب،فواد چو دھری، حماد اظہر، محمود الرشید و دیگر کے کہنے پر اداروں کو دھمکیاں دیتے رہے۔

ایف آئی آر کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنوں کے تشدد سے 13 پولیس اہلکار اور پتھراؤ سے ان کے اپنے چھ کارکن بھی زخمی ہوئے۔

زخمی پولیس اہلکاروں اور کارکنوں کو طبی امداد کیلئے سروسز اسپتال لے جایا گیا جہا ں کارکن علی بلال دم توڑ گیا۔