Thursday, April 25, 2024

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فائرنگ کے کیس کی تفتیش سی ٹی ڈی کے سپرد

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فائرنگ کے کیس کی تفتیش سی ٹی ڈی کے سپرد
November 4, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پی ٹی آئی لانگ مارچ میں عمران خان پر فائرنگ کے کیس کی تفتیش سی ٹی ڈی کے سپرد کردی گئی۔

پی ٹی آئی لانگ مارچ میں فائرنگ کا مرکزی ملزم لاہور منتقل کردیا گیا۔ ملزم سے سی ٹی ڈی اور دیگر اہم اداروں کی پوچھ گچھ جاری ہے۔ تحقیقاتی اداروں کی ٹیمیں دوبارہ جائے حادثہ پہنچ گئیں اور شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان پر فائرنگ کے کیس کی تفتیش کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے سپرد کر دی گئی۔ مرکزی ملزم نوید کو تفتیش کے لئے چوہنگ میں سی ٹی ڈی کے سیل پہنچا دیا گیا۔

ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کیا جائے گا، موبائل فون، پستول اور گولیوں کے خول بھی فرانزک کیلئے بھجوا دئیے گئے۔

ادھر تحقیقاتی اداروں کی ٹیمیں دوبارہ جائے حادثہ پر پہنچ گئیں،سی ٹی ڈی اور فرانزک ٹیمیں شواہد کا جائزہ لیے رہی ہیں، کنٹینر بھی دوبارہ اسی جگہ پہنچا دیا گیا جہاں فائرنگ ہوئی تھی، رات کے اندھیرے کے بعد اب دن کی روشنی میں شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

ادھر وزیر آباد میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پی ٹی آئی ورکر معظم کی میت ورثا کے حوالے کر دی گئی، مقتول کے اہلخانہ کے مطابق معظم کی لاش کا پوسٹ مارٹم ہو چکا ہے، انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے معظم کو شہید قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔