Friday, April 19, 2024

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی اومانی قیادت سے ملاقاتیں، سکیورٹی صورتحال پر گفتگو

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی اومانی قیادت سے ملاقاتیں، سکیورٹی صورتحال پر گفتگو
February 10, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے دورہ اومان پر نائب وزیراعظم، شاہی دفتر اور چیف آف اسٹاف سے ملاقاتیں کیں، سکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی نائب وزیراعظم، وزیر شاہی دفتر، چیف آف سٹاف سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں، سلامتی، انسداد دہشت گردی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغانستان کے تناظرمیں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی روابط پر بھی گفتگو کی گئی۔ گہرے تزویراتی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

جنرل ندیم رضا نے کہا پاکستان اور اومان دو برادر اسلامی ممالک ہیں، دونوں ممالک دوطرفہ دفاعی تعلقات میں توسیع کے لئے تعمیری کام کررہے ہیں۔ خطے میں امن و استحکام کے لئے بھی دونوں ممالک اقدامات کررہے ہیں۔

اومانی قیادت نے اومان کی مسلح افواج کی صلاحیت میں اضافے کے لئے پاک افواج کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

المرتفع کیمپ پہنچنے پر جنرل ندیم رضا کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔