Friday, March 29, 2024

چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری کی تعیناتی کیخلاف اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور

چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری کی تعیناتی کیخلاف اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور
February 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی بحالی کیخلاف وفاق کی اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرلی۔

سپریم کورٹ میں چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری کی بحالی کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی، عدالت کے ریمارکس کے مطابق طارق بنوری کی سربراہی میں کمیشن جو بھی تعیناتیاں کر رہا ہے وہ اس کیس سے مشروط ہوں گی۔ ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد کیس کی سماعت کریں گے۔

دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ چیئرمین ایچ ای سی کو پابند کیا جائے کہ روزانہ کے معاملات پر کام کریں۔ چیئرمین ایچ ای سی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی تعینات نہیں کر سکتے۔ چیئرمین ایچ ای سی کو پالیسی معاملات پر فیصلوں سے روکا جائے۔

جسٹس منیب اخترنے استفسار کیا کہ چئیرمن ایچ ای سی کے پاس کسی کی تعیناتی کے اختیار کیوں نہیں ہیں؟۔ ایک طرف آپ کہہ رہے ہیں قانون میں ترمیم کر دی اور پھر کہہ رہے ہیں چیئرمین کو اختیارات کے استعمال سے بھی روکیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ چیئرمین ایچ ای سی کے موجودہ کیس کے فیصلے پر تعیناتیوں کا معاملہ طے ہو گا۔ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔