Friday, September 22, 2023

چینی کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن، قیمتیں نیچے آنے لگیں

چینی کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن، قیمتیں نیچے آنے لگیں
September 7, 2023 ویب ڈیسک

لاہور/ کراچی (92 نیوز) - چینی کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی اب نہیں چلے گی ۔۔ حکومت نے ڈنڈا اٹھا لیا۔ مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن کے بعد چینی کی قیمتیں نیچے آنے لگیں، چینی کے نرخ بیس سے تیس روپے فی کلو کم ہو گئے ہیں۔

چینی کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی کے خلاف حکومتی نوٹس، آپریشن اور کریک ڈاون آپریشن کے اثرات سامنے آنے لگے، ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمتیں کم ہونے لگیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں چینی کی قیمت 20 روپے فی کلو کمی کے بعد 180 روپے پر آ گئی ہے، چھوٹی دکانوں پر 180 جبکہ بڑے اسٹورز پر چینی 175 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے، چینی کے 50 کلوگرام بیگ کا ریٹ 8850 سے کم ہو کر 8350 روپے تک آ گیا ہے۔

شہر قائد میں چینی 3 روپے فی کلو سستی ہو گئی، ہول سیل مارکیٹ میں چینی اس وقت 165 روپے جبکہ ریٹل مارکیٹ میں 170 سے 175 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

فیصل آباد میں بھی چینی کی قیمت کو ریورس گیئر لگ گیا۔ 10 سے 15 روپے کمی کے بعد چینی کا پرچون ریٹ 180 روپے فی کلو ہو گیا، ایکس مل ریٹ 165 اور ٹریڈرز ریٹ 175 سے 177 روپے فی کلو ہے۔

اسی طرح ملتان، جھنگ، سرگودھا ، لیہ، چنیوٹ سمیت متعدد شہروں میں چینی کی قیمتوں میں 20 روپے سے لے کر 6 روپے تک فی کلو کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔