Friday, April 26, 2024

چین اور سعودی عرب نے پاکستان کو 13 ارب ڈالر کے مالی پیکیج کی یقین دہانی کرادی

چین اور سعودی عرب نے پاکستان کو 13 ارب ڈالر کے مالی پیکیج کی یقین دہانی کرادی
November 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چین اور سعودی عرب نے پاکستان کو 13 ارب ڈالر کے مالی پیکیج کی یقین دہانی کرادی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے تصدیق کردی، کہا کہ امداد کے بعد پاکستانی روپیہ اپنی کھوئی قدرواپس حاصل کرلے گا۔ پاکستان فوری ڈیفالٹ کے خطرہ سے نکل جائے گا۔ 

چین اور سعودی عرب نے پاکستان کو 13ارب ڈالر کے مالی پیکیج کی یقین دہانی کرادی ہے جس میں 5.7 ارب ڈالر نئے قرضوں کی صورت میں ملیں گے۔ رقم رواں مالی سال 2022-23ء کی مالی ضروریات کا38 فیصد پورا کرنے کیلئے کافی ہوگی۔

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں کہا کہ پاکستان نے چین سے مجموعی طور پر 8.8 ارب ڈالر قرضہ کی درخواست کی ہے۔

پاکستان کو 3.3 ارب ڈالر کے چینی کمرشل قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے، چین اس کے علاوہ 1.45 ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ کرے گا۔ چین نے ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے پر کام جلد شروع کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ ہم نے سعودی عرب سے بھی 4.2 ارب ڈالر نیا قرضہ مانگا ہے جس میں تین ارب ڈالر کے اضافی زخائر اور موخر ادائیگی پر تیل کی سہولت شامل ہے۔ چین اور سعودی عرب کی طرف سے امداد ملنے کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہونگے اور روپیہ اپنی کھوئی ہوئی ساکھ دوبارہ حاصل کرلے گا۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے اسٹاف لیول مذاکرات کی ابھی تک کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی تاہم چینی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے کرنسی سویپ انتظام کے تحت 1.5 ارب ڈالر قرضہ کی درخواست کی، ہم نے دونوں ملکوں میں ٹریڈ سہولت کی حد بھی 30 ارب یوان سے بڑھا کر 40 ارب یوان کرنے کی درخواست کی۔