Saturday, September 21, 2024

چین اور عرب ممالک کا اسٹریٹجک تعاون بڑھانے اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا اعلان

چین اور عرب ممالک کا اسٹریٹجک تعاون بڑھانے اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا اعلان
December 10, 2022 ویب ڈیسک

ریاض (92 نیوز) - چین اور عرب ممالک نے اسٹریٹجک تعاون بڑھانے اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔

ریاض میں چین اور خلیجی ممالک کے مشترکہ سربراہی اجلاس کا اعلامیہ جاری ہو گیا۔ عرب  سربراہی اجلاس کے مشترکہ بیان میں ون چائنہ پالیسی کا اعادہ کیا گیا۔ عرب ممالک نے تائیوان کے خلاف چین کی کھل کر حمایت کرنے کا اعلان کیا۔ عرب سربراہان  کہتے ہیں  تائیوان چین کی سرزمین کا ایک ناقابل تنسیخ حصہ ہے۔

عرب سربراہان اجلاس میں  بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فریم ورک میں سعودی کمپنیوں کی شمولیت کا  خیر مقدم کیا گیا۔ خلیج، چینی سربراہ کانفرنس برائے تعاون وترقی کا اجلاس  سعودی ولی عہد کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ کانفرنس میں چین اورخلیجی قائدین نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ فریقین  اسٹرٹیجک شراکت کے لیے کام کریں گے۔ مشترکہ اعلامیے میں 2023 سے 2027 تک اسٹرٹیجک شراکت کو آگے بڑھانے  کی منظوری  دی گئی۔ تجارت ، توانائی ، سرمایہ کاری صنعت ، ٹیکنالوجی ، خلا، صحت اورمالیاتی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کا عزم   کیا گیا۔

کانفرنس کے شرکا نے ایران کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے جزائر کو مذاکرات کے ذریعے پرامن طورپرحل کرنے پر زور دیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا  سربراہی اجلاس سے خلیجی ممالک اور چین کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔ خلیجی ممالک چین کے ساتھ متفرق شعبوں میں شراکت داری اور وسیع تعلقات کے خواہاں ہیں۔ خلیجی ممالک چین کے ساتھ مل کر بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے   کیلئے کوشاں ہیں۔