Friday, March 29, 2024

چیف شماریات کی 30 اپریل تک مردم شماری مکمل کرنے کی یقین دہانی

چیف شماریات کی 30 اپریل تک مردم شماری مکمل کرنے کی یقین دہانی
March 16, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر نے 30 اپریل کی ڈیڈ لائن تک مردم شماری مکمل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ تحصیل کی سطح پر ایڈریس کے مغالطوں بارے بڑھتی شکایات کا نوٹس بھی لے لیا۔

ملک میں عام انتخابات سے نئی مردم شماری کے مطابق ہونے کی امید پیدا ہوگئی، چیف شماریات نے 30 اپریل کی ڈیڈلائن تک ڈیجیٹل مردم شماری مکمل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

چیف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کی،،، اور بتایا کہ پورے ملک کو منصوبہ بندی کیلئے ایک لاکھ،85 ہزار، 509 بلاکس میں تقسیم کیا گیا، 2 ہزار، 39بلاکس پر لسٹنگ نہیں ہوسکی، جن میں 200 بلاکس کراچی اور باقی قبائلی اضلاع کے ہیں۔

92 نیوز کی نشاندہی پر چیف شماریات نے تحصیل کی سطح پر ایڈریس کے مغالطوں بارے بڑھتی شکایات کا بھی نوٹس لے لیا اور شکایات کے ازالہ کی ہدایت کردی۔

ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا کہ 3 کروڑ 93 لاکھ سے زائد گھروں کی جیو فینسنگ ہوچکی ہے، 12 مارچ سے افراد کی گنتی کا عمل بھی شروع ہوگیا، ڈیجیٹل خانہ اور مردم شماری سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔