Wednesday, April 24, 2024

چیف الیکشن کمشنر کا وزیراعظم کو خط، ای وی ایم، آئی ووٹنگ پراجیکٹ کیلئے عمارت مانگ لی

چیف الیکشن کمشنر کا وزیراعظم کو خط، ای وی ایم، آئی ووٹنگ پراجیکٹ کیلئے عمارت مانگ لی
January 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا، الیکٹرانک ووٹنگ مشین، آئی ووٹنگ اور ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی جگہ اور عمارت مانگ لی۔

چیف الیکشن کمشنر نے خط میں لکھا کہ انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے الیکشن کمیشن اقدامات اُٹھا رہا ہے۔ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام کیلئے آئی ٹی پروفیشنلز کی بھرتیوں کا کام آخری مراحل میں ہے جو صرف ای وی ایمز، آئی ووٹنگ اور انتخابی عمل میں ٹیکنالوجیز کے استعمال کیلئے کام کرینگے۔

چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو بتایا کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر، پراجیکٹ مینجر،ڈپٹی پراجیکٹ مینجر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں جو ای وی ایم کے فنکشنل امور جن میں سٹوریج،
وئیر ہاوسنگ، نیٹ ورکنگ ڈیٹا بیس کو دیکھیں گے لیکن الیکشن کمیشن کے پاس عمارت نہیں حکومت پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کیلئے طور پر جگہ فراہم کرے۔

چیف الیکشن کمشنر نے 4 مختلف عمارتوں کی تجاویز بھی خط میں بھجوائیں، لکھا کہ پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کا گیسٹ روم، پی سی ایس آئی کا گیسٹ ہاؤس وزارت سائنس ٹیکنالوجی کا خالی فلور یا سر سید میموریل سوسائٹی عمارت میں سے کوئی ایک فراہم کی جائے تاکہ الیکشن کمیشن پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بنا سکے۔