Saturday, April 27, 2024

چور، کرپٹ ٹولے کو سمجھ آگئی کہ ممبران کی تعداد پوری نہیں کرسکتے، مریم اورنگزیب

چور، کرپٹ ٹولے کو سمجھ آگئی کہ ممبران کی تعداد پوری نہیں کرسکتے، مریم اورنگزیب
March 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ چور، کرپٹ ٹولے نے 27 مارچ کو جلسہ کا اعلان کیا ہےانہیں سمجھ آگئی ہے وہ ممبران کی تعداد پوری نہیں کرسکتے۔ 

سوموار کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن کے 172 لوگ پورے نہ ہورہے ہوں وہ ڈی چوک پر 10 لاکھ لوگ لانے کا حق ہی نہیں رکھتا۔

مریم اورنگزیب بولیں کہ ملک کے سلیکٹڈ وزیراعظم نے عوام میں کھڑے ہوکر غریبوں کا تمسخر اُڑایا۔ عوام مافیاز کی لوٹ مار کا خمیازہ بھگتی رہی ہے۔ مزید کہا آپ ملک میں روزگار اور معیشت کا کباڑہ کرنے آئے تھے۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا آپ نے قوم کو 22 ہزار ارب کا مقروض بنایا، آپ ٹھیک کہتے ہیں آپ کا آلو پیاز کی قیمتوں سے کوئی سر وکار نہیں، آپ جس 10 لاکھ کا دعویٰ کررہے ہیں 10 لوگ بھی نہیں آئیں گے۔ حکومت انتشار اور فساد چاہتی ہے، کنٹینر سے شروع ہونے والی شر انگیزی ابھی تک جاری ہے۔ آپ اسمبلی اجلاس بلائیں، ووٹنگ کرائیں اور گھر جائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگی سینیٹر چودھری تنویر کو کچھ ہوا توعمران صاحب ذمہ دار ہوں گے، ضمانت پر ہونے کے باجود سینئر پارلیمینٹرین کی گرفتاری قابل مذمت اور غنڈہ گردی ہے۔ اوچھے ہتھکنڈوں سے عدم اعتماد کی تحریک ناکام نہیں ہوگی۔

مریم اورنگزیب نے لیگی کارکنوں کو ڈی چوک جلسے کی تیاری کرنے کی ہدایت کردی۔