Friday, April 26, 2024

چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں سولر واٹر پلانٹس لگانے کا پروگرام بنایا ہے، حمزہ شہباز

چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں سولر واٹر پلانٹس لگانے کا پروگرام بنایا ہے، حمزہ شہباز
June 19, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں سولر واٹر پلانٹس لگانے کا پروگرام بنالیا ہے۔ اس سے انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کو بھی پانی فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کمشنر بہاولپور ڈویژن نے چولستان میں سولر واٹر پلانٹس لگانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں چولستان میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بارشوں میں اضافے کے مجوزہ پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ چولستان میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بارش بڑھانے کا پائلٹ پراجیکٹ تیار کیا جائے اور نہر سے چولستان میں پانی کی سپلائی کے آپشن پر غور کیا جائے اور شیڈز میں ائیر کولر لگانے کا جائزہ لیا جائے۔

ان کا کہنا تھا اس اقدام سے ناصرف پانی کی قلت دور ہو گی بلکہ کھیتی باڑی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ منصوبے کو جلد حتمی شکل دی جائے۔