Saturday, April 27, 2024

چودھری سرور کا بزدار سرکار میں پیسے لے کر بھرتیوں کا الزام

چودھری سرور کا بزدار سرکار میں پیسے لے کر بھرتیوں کا الزام
April 3, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - برطرف گورنر چودھری سرور پریس کانفرنس میں پھٹ پڑے، کہا کہ بزدار سرکار میں پیسے لے کر بھرتیوں کا الزام عائد کردیا۔

اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنانا سب سے بڑی عالمی سازش تھی، پورا پاکستان روتا رہا۔ وزیراعلیٰ کو تبدیل کردو مگر عمران خان کو 183 میں سے کوئی فٹ نظر نہیں آیا۔

چودھری سرور نے کہا کہ اب آٹھ سیٹوں والی جماعت سے بلیک میل ہوگئے، اللہ کا شکر ہے کہ غیر آئینی کام کرنے سے بچ گیا، گالی دی گئی تو سینے کے راز باہر لے آؤنگا۔

اُنہوں نے کہا کہ آج ہمارا ملک بہت مشکل حالات سے گزر رہا ہے، کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا کے ماحول میں کشیدگی آئے۔ میں نے پہلے بھی گورنر شپ سے استعفی دیا، مجھے عہدوں سے پیار نہیں۔ ہم سب نے ملکر عمران خان کو وزیراعظم بنایا۔ شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین اور علیم خان بھی وزرات اعلیٰ کے اُمیدوار تھے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سمجھا کہ عثمان بزدار نیا پاکستان بنا سکتا ہے، پورے پاکستان نے دیکھا کہ بزدار نیا پاکستان کس طرح بنا رہا ہے، کبھی چیف سیکرٹری بدلا جارہا ہے، ملازمتیں بکتی رہیں، اے سی اور ڈی سی پیسے دے کر لگ رہے ہیں، اگر میری باتیں سچ نہ ہوئیں تو قوم جو سزا دے گی منظور ہوگی۔

برطرف گورنر نے کہا کہ میں نے میاں برادران کو استعفی دیا اور آج تک ان کے خلاف بات بہیں کی۔ میں نے 2 سالوں میں دس دفعہ استعفی دینا کی کوشش کی ہے، اگر میرے کسی پی ٹی آئی کے دوست نے گالم گلوچ کی تو میں پھر اینٹ کا جواب پتھر سے دوں گا۔ رات کو مجھے کال آئی کہ پرویز الہٰی ہار رہا ہے کہ اجلاس ملتوی کردیں، میں نے کہا کہ جو وزیراعظم صاحب کہیں گے میں کردوں گا۔