Tuesday, May 21, 2024

چودھری شجاعت سے احترام کا رشتہ مرتے دم تک قائم رہے گا، پرویزالہٰی

چودھری شجاعت سے احترام کا رشتہ مرتے دم تک قائم رہے گا، پرویزالہٰی
July 10, 2022 ویب ڈیسک

گجرات (92 نیوز) - چودھری برادران نے گجرات میں نماز عید ایک ساتھ ادا کی، پرویز الہٰی کہتے ہیں چودھری شجاعت سے احترام کا رشتہ ہے، جو انشاء اللہ مرتے دم تک قائم رہے گا، افواہیں پھیلانے والے ناکام و نامراد رہیں گے۔

چودھری برادران کے درمیان اختلافات کی افواہیں دم توڑ گئیں، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہٰی، چودھری وجاہت حسین، مونس الہٰی اور حسین الہٰی نے عیدالضحٰی کی نماز گجرات میں ایک ساتھ ادا کی۔ نماز عید کے بعد چودھری برداران نے ملک و ملت کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دُعا کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا آج کا دن قربانی کا درس دیتا ہے، اس وقت ملکی حالات بھی قوم سے قربانی کے متقاضی ہیں ” تجربہ کاروں“  کی نالائقیاں ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لے آئی ہیں۔

مزید بولے ضمنی انتخابات کے ہر حلقے کا سروے لوٹوں کیخلاف ہے، شریفوں کے اس قوم کو غلام بنانے کے خواب ضمنی انتخابات میں چکنا چور ہوجائیں گے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا چودھری شجاعت حسین سے احترام اور محبت کا جو تعلق ہے، انشاء اللہ وہ مرتے دم تک قائم رہے گا، ہمارے درمیان افواہیں پھیلانے والے ناکام و نامراد رہیں گے۔