Saturday, May 18, 2024

چودھری شجاعت نے کسی رکن کو براہ راست خط جاری نہیں کیا، ذرائع

چودھری شجاعت نے کسی رکن کو براہ راست خط جاری نہیں کیا، ذرائع
July 23, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چودھری شجاعت حسین کے خط کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آ گئے۔

ذرائع کے مطابق چودھری شجاعت نے کسی رکن کو براہ راست خط جاری نہیں کیا۔ کسی رکن کو چودھری شجاعت کا حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کا خط موصول نہ ہوا  ۔ چودھری شجاعت حسین نے خفیہ طور پر ڈپٹی اسپیکر کو خط لکھا۔

ق لیگ کے ارکان کو خط کا علم ووٹ ڈالنے کے بعد ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سے ہوا ۔ ق لیگ کے   10  کے 10 ارکان نے   خط موصول نہ ہونے کی تصدیق کر دی ۔ آصف  زرداری نے چودھری شجاعت کو خط کیلئے قائل کیا۔

آصف زرداری کی چودھری شجاعت کے گھر آنیاں جانیاں رنگ لے آئیں۔ پنجاب پر حکمرانی کی اعصاب شکن جنگ کا فیصلہ ایک خط سے ہو گیا۔ صدر ق لیگ  کا لکھا ایک خط   چند لمحات میں سیاست کی باز ی پلٹ گیا۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہونےسے پہلے ہی چودھری شجاعت  کا لکھا خط سامنے آگیا جس میں ق لیگ  کے صدر نے اپنے   ارکان پنجاب اسمبلی کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ کے الیکشن میں حمزہ شہباز کی حمایت کی جائے۔

خط کی بازگشت سنتے ہی مونس الہی اسمبلی سے فورا گھر کی طرف روانہ ہوئے۔ چودھری شجاعت کو پرویز الہی کے حق میں ویڈیو بیان ریکارڈ کرانے  کا کہا لیکن ماموں نے بھانجے کو صاف انکار کر دیا۔ ق لیگ کے صدر بولے عمران خان کے امیدوار کو وزیراعلیٰ نہیں بننے دیں گے ۔

مونس الہی تو ماموں کے گھر سے خالی ہاتھ مایوس لوٹے تاہم آصف زرداری کی ایک بار پھر چودھری شجاعت سے ملاقات کیلئے روانگی کی اطلاع آئی جسے سنتے ہی ق لیگ کے ارکان چودھری شجاعت کے گھر کے باہر جمع ہوگئے۔ لوٹے اٹھائے کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی۔ آصف زرداری کے خلاف بھی نعرے لگائے۔

چودھری شجاعت ایک دن پہلے تک پرویز الہی کی کھلی حمایت کرتے رہے تھے اور واضح الفاظ میں کہہ چکے تھے کہ پرویز الہی ہی ان کے امیدوار ہیں تاہم گجرات کے سیاسی کزنز کا  مثالی تعلق بھی سیاست کی بے رحم دیوی کی بھینٹ چڑھ گیا اور انتخاب کے آخری روز چودھری شجاعت نے ارکان اسمبلی کو  اپنی ہی جماعت کے امیدوار پرویز الہی کی  مخالفت کا کہہ دیا۔