Monday, May 6, 2024

چودھری شجاعت کا سیاست دانوں کو معاشی حالت پر توجہ دینے کا مشورہ

چودھری شجاعت کا سیاست دانوں کو معاشی حالت پر توجہ دینے کا مشورہ
February 25, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت نے سیاست دانوں کو معاشی حالت پر توجہ دینے کا مشورہ دے دیا۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سیاسی ملاقاتوں میں ہی مصروف رہے تو غریب عوام سیاستدانوں پر اعتبار کرنا چھوڑ دیں گے۔ اگر معاشی حالات درست نہ کیے اور بے روزگاری کا مسئلہ حل نہ کیا تو تمام سیاستدانوں کی سیاست ختم ہو جائے گی۔

ایک بیان میں سینئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ہماری خدمت کرتے ہیں ان کے مسائل کو بھی سننا چاہئے۔ معاشی حالات کو سب سے زیادہ اہمیت دی جانی چاہئے۔

چودھری شجاعت نے کہا کہ آج کل ملک کے اندر خاص طور پر لاہور میں سیاسی ماحول بنا ہوا ہے۔ ہر جماعت کے لیڈر مختلف باتیں کر رہے ہیں اور اپنی اپنی جماعتوں کے موقف بیان کر رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن، آصف علی زرداری اور شہبازشریف ہمارے گھر ملاقات کیلئے آئے جس میں ہر قسم کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ بیس بیس، پچیس پچیس سال پرانے واقعات یہاں تک کہ میاں نوازشریف کے متعلق بھی بڑی تفصیل کے ساتھ باتیں ہوئیں۔