Sunday, May 19, 2024

چودھری شجاعت حسین مسلم لیگ قاف کے صدر برقرار

چودھری شجاعت حسین مسلم لیگ قاف کے صدر برقرار
January 31, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – الیکشن کمیشن نے چودھری شجاعت حسین کو پاکستان مسلم لیگ ق کی پارٹی صدارت کے عہدے پر بحال کر دیا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد طارق بشیر چیمہ بھی پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے پر بحال ہوگئے۔

ق لیگ کی پارٹی صدارت کے معاملے پر چودھری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی کے مابین معاملات طے تو نہ ہوئے تاہم الیکشن کمیشن کے تین رکنی کمیشن نے چودھری شجاعت حسین کے حق میں فیصلہ دے دیا۔ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت تین رکنی کمیشن نے چودھری شجاعت حسین کو مسلم لیگ ق کی صدارت سے ہٹانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔ جس کے بعد اب چودھری شجاعت ہی ق لیگ کے صدر ہوں گے۔

یہی نہیں الیکشن کمیشن نے طارق بشیر چیمہ کو بھی پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کلعدم قرار دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے دلائل محفوظ ہونے کے بعد 18 اگست کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

ق لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے چودھری شجاعت حسین کو پارٹی کی صدارت اور طارق بشیر چیمہ کو سیکریٹری جنرل کے عہدے سے ہٹا دیا تھا  جس کے خلاف چودھری شجاعت حسین نے گزشتہ برس الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔