لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے پنجاب میں مہم جوئی کی کوششوں کو بےسود قرار دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے تحریک انصاف کے رہنماء فواد چودھری نے ملاقات کی، جس میں راولپنڈی اجتماع کی سکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جومرضی آئے یا جائے، پنجاب میں کوئی بھی سیاسی مہم جوئی کامیاب نہیں ہوگی، انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اجتماع کے شرکاء کی فول پروف سکیورٹی کے انتظامات مکمل ہیں۔
فواد چودھری نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کو دورہ جہلم کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرلی۔ فواد چودھری نے حقیقی آزادی مارچ کیلئے بہترین انتظامات پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری طرف چودھری پرویز الٰہی سے ایم پی اے چودھری ظہیرالدین نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر حلقے کے مسائل، ترقیاتی اسکیموں پر پیش رفت اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فیصل آباد میں جاری صحت، تعلیم اور صاف پانی کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔