Friday, March 29, 2024

چودھری پرویز الہی نے وزیراعلی پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

چودھری پرویز الہی نے وزیراعلی پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
July 27, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چودھری پرویز الہی نے وزیراعلی پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ سپریم کورٹ کے حکم پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے چودھری پرویز الہی سے حلف لیا۔

پنجاب میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے مکین بدل گئے۔ حمزہ شہباز کی جگہ پرویزالہٰی اب صوبے پر حکمرانی کریں گے۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کے انکار کے بعد پرویزالہٰی خصوصی طیارے پر اسلام آباد پہنچے اور عدالتی حکم پر ایوان صدر میں عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدر عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں فواد چودھری، پرویز خٹک، مونس الٰہی اور دیگر شریک تھے۔ حلف سے پہلے پرویزالہٰی نے صدر عارف علوی سے ان کے چیمبر میں ملاقات بھی کی۔

پرویزالہٰی کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے بعد سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو ان کا پرنسپل سیکرٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔ ایس اینڈ جی اے ڈی نے محمد خان بھٹی کی گریڈ 22 میں تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

دوسری طرف اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے جوڑ توڑ شروع کر دیا گیا ہے۔ اسپیکرشپ کی دوڑ میں تحریک انصاف کے 4 ارکان شامل ہیں جن میں شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال اور سبطین خان شامل ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی اسپیکرشپ کیلئے متحرک دکھائی دیتے ہیں۔

تحریک انصاف نے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ نئے ڈپٹی اسپیکر کیلئے واثق قیوم اور ملک تیمور کے نام زیرغور ہیں۔