Friday, April 19, 2024

چودھری برادران کا ڈٹ کر وزیر اعظم کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان

چودھری برادران کا ڈٹ کر وزیر اعظم کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان
March 1, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چودھری برادران نے ڈٹ کر وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم کی چودھری برادران کے ساتھ ملاقات سیاسی افق پر چھا گئی۔ چودھری برادران نے سب ابہام دور کرکے ڈٹ کر وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعظم عمران خان چودھری برادران کی  رہائش گاہ پہنچے اورخوب سیاسی رازونیاز کیے۔ اس موقع پر چودھری برادران نے بھی کھل کر وزیراعظم سے بات کی اور ان سے متعلق تمام افواہوں کا پردہ چاک کر دیا جس پر وزیراعظم کافی مطمئن دکھائی دئیے۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے بتایا شہباز شریف ان کے گھر آئے، گھرآئے مہمان کو خوش آمدید کہنا ان کی خاندانی روایات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے انہیں جو سیاسی پیشکش کی اس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا اور اپوزیشن لیڈر کو بتا دیا تھا عمران خان کو ہٹا نہ سکے تو وہ پہاڑ پر اور باقی سب زمین میں دھنس جائیں گے۔ ایسی چال کا کوئی فائدہ نہیں جو کامیاب نہ ہو۔

چودھری برادران نے  وزیر اعظم کو یقین دہانی کرائی کہ عدم اعتماد کی باتیں افسانہ ہیں۔ وہ سیاست میں ان کے ساتھ رہیں گے۔ وزیر اعظم نے چین اور روس کے دورے پر چودھری برادران کو اعتماد میں لیا جس پر چودھری شجاعت نے کہا آپ نے تاریخ رقم کی ہے۔

ملاقات میں وزیر اعلی عثمان بزدار، وفاقی وزراء، فواد چودھری،عبدالرزاق داؤد، مخدوم خسرو بختیار، شفقت محمود، حماد اظہر اور عامر ڈوگر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔