Friday, April 26, 2024

چند دنوں میں نگران حکومت آنے والی ہے، شیخ رشید

چند دنوں میں نگران حکومت آنے والی ہے، شیخ رشید
May 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے چند دنوں میں نگران حکومت آنے والی ہے۔

نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے دعوی کیا کہ انتخابات کیلئے پس پردہ کام ہو رہا ہے۔ ن لیگ الیکشن کی طرف جارہی ہے۔ آصف زرداری الیکشن میں بڑی رکاوٹ ہے۔ مدت تو دور کی بات یہ عدت کے دن بھی پورے نہیں کر پائیں گے۔ عدم اعتماد کی تحریک سے صرف ایک ووٹ کی اکثریتی پر حکومت نے جنم پایا ہے جو صرف 2 نفلوں کی مار ہے۔ عمران خان نے قوم کو اکٹھا بھی کیا اور ہر قسم کے حالات کے لیے تیار بھی کیا۔

شیخ رشید بولے آج وزیراعظم اور وزیراعلی دونوں 16 ارب کی کرپشن کیس میں عدالت کے کٹہرے میں کھڑے ہیں۔ پنجاب میں کوئی حکومت نہیں۔ مرکز میں ایک ووٹ سے لنگڑی لولی حکومت ہے۔ ملکی معیشت پر ہی ملک کے دفاع اور آزاد خارجہ پالیسی کا دارومدار ہے۔ ملکی اور غیر ملکی طاقتیں زمینی حقائق سے بے خبر ہیں۔ میں مایوس نہیں ہوں اور پر امید ہوں کسی بھی دن نگراں حکومت کے قیام اور نئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوسکتا ہے۔ پس پردہ اس پر کام شروع ہو چکا ہے۔