Friday, March 29, 2024

کراچی : نجی اسپتال میں ڈیڑھ ماہ کا بچہ ڈاکٹروں کی غفلت سے دم توڑ گیا

کراچی : نجی اسپتال میں ڈیڑھ ماہ کا بچہ ڈاکٹروں کی غفلت سے دم توڑ گیا
October 13, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی کے نجی اسپتال میں ڈیڑھ ماہ کا بچہ ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ بچے کی ہلاکت لواحقین نے شدید احتجاج کیا اور ڈاکٹروں اور انتظامیہ کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملیر جعفر طیار سوسائٹی کے علاقے میں قائم نجی اسپتال کی نرسری میں ڈیڑھ ماہ کے بچے ارحم کو والدین نے چار روز قبل داخل کروایا تھا جہاں پر وہ دوران علاج انتقال کر گیا جس کے بعد والدین اور لواحقین نے شدید احتجاج کیا۔ بچے ارحم کے والد محمد نسیم اور والدہ عشرت نے بتایا بچے کو معمولی شکایت کے ساتھ داخل کرایا۔ لواحقین نے الزام عائد کیا کہ بچہ ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث انتقال کر گیا۔ بچے کو کئی گھنٹوں کے بعد طبی امداد دی گئی۔ بچے کے جسم کے مختلف حصوں پر نیلے داغ نمایاں ہیں۔ لواحقین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی فوری انکوائری کرکے غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی کی جائے۔