Friday, April 19, 2024

’عوام حکومت کو ووٹ دیتے ہیں اسی لیے کہا حق کےلئے آواز اٹھائیں‘

’عوام حکومت کو ووٹ دیتے ہیں اسی لیے کہا حق کےلئے آواز اٹھائیں‘
October 14, 2016
اسلام آباد (92نیوز) چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے اورنج ٹرین منصوبہ کیس کی سماعت کے دوران وضاحت کی ہے کہ گزشتہ روز یہ نہیں کہا کہ عوام حکومت کےخلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ ہمارا کہنے کا مقصد تھا عوام حکومت کو ووٹ دیتے ہیں۔ اپنے حق کےلئے آواز اٹھائیں۔ ترجمان سپریم کورٹ نے بھی چیف جسٹس سے منسوب بیان کو بے بنیاد کو گمراہ کن قرار دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بنچ نے اورنج لائن ٹرین منصوبہ کیس کی سماعت کی۔ حکومت پنجاب اور دیگر فریقین نے تکنیکی ماہرین کے ناموں پر مشتمل سربمہر لفافے عدالت میں پیش کر دیے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے گزشتہ روز کے ریمارکس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہیں کہا تھا کہ عوام حکومت کےخلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ ہمارا مقصد یہ تھا کہ عوام حکومت کو ووٹ دیتے ہیں اسی لیے اپنے حق کےلئے آواز اٹھائیں۔ چیف جسٹس نے اورنج لائن ٹرین منصوبہ سے متعلق فریقین کے فراہم کردہ نام ایک دوسرے سے شیئر کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اگر ان ناموں پر فریقین متفق نہ ہو سکے تو پھر عدالت فیصلہ کرے گی۔ دوسری جانب ترجمان سپریم کورٹ نے بھی وضاحتی بیان میںچیف جسٹس سے منسو ب بیان کو مکمل طور پر بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیدیا۔ ترجمان نے کہا اخباری خبروں سے یہ تاثر دیا گیا کہ چیف جسٹس نے عوام کو حکومت کےخلاف اکسایا۔ چیف جسٹس کے ریمارکس تھے کہ عوام کو نمائندوں کے چناو کے وقت سوچ سمجھ کر ووٹ دینا چا ہئے۔ ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میڈیا کو سنسنی پھیلانے کی بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چا ہئے۔