Friday, April 19, 2024

ملک میں جمہوریت کے نام پربادشاہت قائم ہے : چیف جسٹس

ملک میں جمہوریت کے نام پربادشاہت قائم ہے : چیف جسٹس
October 13, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ میں لاہور اورنج لائن منصوبہ کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس کہتے ہیں کہ عوام سے جمہوریت کے نام پر مذاق ہو رہا ہے۔ ملک میں بادشاہت قائم ہے۔ گڈگورننس کے نام پر بیڈ گورننس ہے۔ غیر جمہوری رویے پر عوام اٹھ کھڑے ہوں۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے لاہور اورنج لائن منصوبہ کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس میں کہا کہ عوام سے جمہوریت کے نام پر مذاق ہو رہا ہے۔ لوگوں کو اپنے نمائندے منتخب کرتے وقت سوچنا چاہیے۔ ایک انگریز جج نے کہا تھا جو لوگ ایسے لوگوں کو منتخب کرتے ہیں انہیں بھگتنا چاہیے۔ گڈ گورننس کے نام پر بیڈ گورننس ہے۔ ملک میں جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم ہے۔ غیرجمہوری رویے پر عوام کو اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ یہ کسی ایک شخص کا نہیں عوامی فلاح کا منصوبہ ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں بھی کچھ قانونی تقاضے پورے ہوتے نظر نہیں آتے۔ تاریخی عمارتیں قومی ورثہ ہیں‘ تباہ نہیں ہونے دیں گے۔ عدالت نے اورنج ٹرین لائن کی رپورٹس کے جائزے کیلئے فریقین سے چھ آزاد ماہرین کے نام مانگ لیے۔ پنجا ب حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے میں پانچوں رپورٹس کو غلط قرار دیا گیا۔ ہائیکورٹ کے پاس ایساکوئی پیمانہ نہیں تھاجن کی بنیاد پر رپورٹس کو غلط قراردیا گیا۔ ہائیکورٹ نے یہ نہیں بتایا کہ درست کیا ہے اور نہ کوئی وضاحت کی۔ اگر اورنج لائن ٹرین بننے سے شالامار باغ یا کوئی تاریخی عمارت گرتی ہے تو اس کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔