Tuesday, April 23, 2024

چیف آف دی نیول اسٹاف کا دورہ آسٹریلیا، انڈو پیسفک سی پاور کانفرنس 2022 میں شرکت کی

چیف آف دی نیول اسٹاف کا دورہ آسٹریلیا، انڈو پیسفک سی پاور کانفرنس 2022 میں شرکت کی
May 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے آسٹریلیا کا دورہ کیا۔ سڈنی میں منعقدہ انڈو پیسفک سی پاور کانفرنس 2022 میں شرکت کی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس کے دوران اکیسویں صدی میں انڈو پیسفک میری ٹائم ڈومین میں مشترکہ مقاصد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد بحری سیکیورٹی اور سمندری ماحولیاتی نظام کے حوالے سے مشترکہ کاوشوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ کانفرنس میں 40 سے زائد بحری افواج کے وفود اور 700 کے قریب دفاعی کمپنیوں نے شرکت کی۔ نیول چیف نے کانفرنس کے دوران آسٹریلیا، فرانس، جاپان، کویت اور اسپین کے بحری سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف کے اس دورے سے کانفرنس میں شریک دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر سمندری تحفظ کیلٸے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔