Tuesday, May 7, 2024

متنازعہ خبر کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی میں ردو بدل کی سمری وزیراعظم کو ارسال

متنازعہ خبر کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی میں ردو بدل کی سمری وزیراعظم کو ارسال
November 12, 2016
اسلام آباد(92نیوز)اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات متنازعہ خبر کی تحقیقات کےلئے قائم کمیٹی میں ردوبدل کی سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی گئی ہے ۔  نوازشریف نے مشاورت مکمل کرلی جبکہ وزارت داخلہ نے کمیٹی کے اختیارات سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاہے۔ تفصیلات کےمطابق حکومت نے انگریزی اخبار کی متنازعہ خبر کی تحقیقات کےلئے ایک کمیٹی بنائی کمیٹی کا سربراہ جسٹس (ر)عامر رضا خان کو بنایا گیا آئی ایس آئی ایم آئی آئی بی کے نمائندے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر  صوبائی محتسب پنجاب سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو کمیٹی میں شامل کیا گیا۔ کمیٹی نے 30روز میں رپورٹ وزارت داخلہ کو دینی ہے تاہم تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے کمیٹی سربراہ پرتحفظات کے بعد حکومت نے تحقیقاتی کمیٹی میں ردوبدل کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے کمیٹی میں ردوبدل کی سمری بھی وزیراعظم کو بھجوادی ۔وزیراعظم نے وزراءاور قریبی رفقاءسے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ کمیٹی میں تبدیلی کا حتمی فیصلہ وزیراعظم ہی کرینگے دوسری جانب وزارت داخلہ نے کمیٹی کے اختیارات سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ کمیٹی کو سیکشن 4 کے تحت کسی بھی شخص کو طلب کرنے کا اختیار حاصل ہو گا۔ کمیٹی گواہوں سے کوئی بھی معلومات حلف نامے کے ذریعے لے سکے گی۔ کمیٹی کو کسی بھی دستاویز کو طلب کرنے یا ریکارڈ حاصل کر نے کا اختیار حاصل ہو گا جبکہ کمیٹی گواہوں سے جرح کرنے کی مجاز بھی ہوگی۔