Friday, April 19, 2024

سوشل میڈیا فیم چائے والے کا دورہ نائنٹی ٹو نیوز ، کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اتنا مشہور ہوجاؤنگا : ارشد خان

سوشل میڈیا فیم چائے والے کا دورہ نائنٹی ٹو نیوز ، کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اتنا مشہور ہوجاؤنگا : ارشد خان
October 18, 2016
اسلام آباد (92نیوز)بھارت میں چائے بیچنے والا وزیراعظم بن سکتا ہے تو پاکستان میں چائے بیچنے والا اس سے بھی آگے جاسکتا ہے ۔سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوچلنے کا جب علم ہوا تو اس سے بہت خوشی ملی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والے نوجوان ارشد خان نے کیا ہے جو وفاقی دارالحکومت کے ایک اتوار بازار میں چائے بیچتا ہے ۔ نائنٹی ٹونیوز کے دفتر میں خصوصی دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ارشد خان نے کہا ہے کہ میں نے ایسا کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اتنا مشہور ہوجاونگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب مجھے دوستوں نے سوشل میڈیا پر چلنے والی تصاویر کا بتایا تو میں حیران رہ گیا کہ میں ایسے کیسے مشہور ہوسکتا ہوں ۔ ارشدخان نے کہا  کہ اب مجھے اس عزت نوازی پر خوشی ہورہی ہے اور میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں ،بھارت میں اگر چائے بچینے والا وزیراعظم بن سکتا ہے تو پاکستان میں تو اس سے بھی آگے جاسکتا ہے۔ مستقبل کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اگر مجھے پاکستانی فلموں میں یا ڈراموں میں کام کرنے کی آفر ہوئی تو میں بالکل کرونگا اور کسی سے انکار نہیں کرونگا لیکن میں صرف اور صرف پاکستان میں کام کرونگا ۔ ارشد خان نے اپنے ٹی وی پیغام میں کہا کہ میں اس عزت افزائی پر اپنے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھا کہ مستقبل قریب میں شادی کاکوئی ارادہ نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ ارشد خان کی تصویر کو خاتون فوٹوگرافر نے بازارمیں کوریج کے دوران کھینچا اور اپنے سوشل میڈیا پیج پر اپ لوڈ کر دیا جس کو 20لاکھ لوگوں نے دیکھا ۔