Tuesday, April 23, 2024

پشاور: اسلحے سے بھری گاڑی برآمد ،ملزم گرفتار

پشاور: اسلحے سے بھری گاڑی برآمد ،ملزم گرفتار
October 2, 2016
پشاور(92نیوز)پشاور میں پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران اسلحے سے بھری گاڑی برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ 2 اشتہاریوں سمیت 15 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ تفصیلات کےمطابق پشاور کے علاقے قمر دین گڑھی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسلحے سے بھری گاڑی قبضے میں لے لی، کارروائی کے دوارن ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ایس پی سٹی گل نواز خان کے مطابق پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ اسلحہ کی بھاری کھیپ پشاور سمگل کی جائے گی جو محرام الحرام کے دوران تخریب کاری کے لئے استعمال ہوگی۔ پولیس نے ناکہ بندی کر کے گڑھی قمر دین میں کوہاٹ سے آنے والی موٹر کار کو روک کر اس کی تلاشی لی تو گاڑی کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔ گاڑی سے پستول، 8 کلاشنکوف، کلاشنکوف کے 10 میگزین اور 24 ہزار کارتوس برآمد ہوئے۔ کارروائی کے دوران کرک سے تعلق رکھنے والے ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا۔ دوسری جانب پولیس نے تھانہ یکہ توت میں سرچ آپریشن کے دوران 2 اشتہاریوں سمیت 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے  6 پستول، 2 کلاشنکوف، 1 رپیٹر اور 150 کارتوس برآمد ہوئے۔