چترال (92 نیوز) - چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ بزرگ سیاستدان گھر بیٹھیں، ملک کیلئے دُعا کریں، پیپلز پارٹی الیکشن کیلئے تیار ہے، عوام نے موقع دیا تو پاکستان کی قسمت بدل دیں گے۔
بدھ کے روز چترال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بزرگ سیاستدان اپنے گھر یا مدرسے میں بیٹھیں، پرانے سیاستدانوں سے یہ شکایت نہیں کہ وہ بزرگ ہو چکے ہیں، پرانے سیاستدانوں سے پرانی سیاست کرنے پر اعتراض ہے۔ پرانے سیاستدانوں کی سیاست سے تکالیف کم نہیں ہوں گی، پرانے سیاستدان عوام کی تکالیف میں اضافہ کریں گے۔ بزرگ سیاستدانوں نے پرانی سیاست کرنی ہے تو سیاست کو چھوڑ دیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی انتقامی سیاست کررہے ہیں، ان دونوں جماعتوں کا ارادہ ہے اپنا، اپنا حساب لیں گے۔ جیسی سیاست ہورہی ہے اس سے مسائل حل نہیں ہوں گے، عوام کا مطالبہ ہے کہ پرانے سیاستدانوں سے جان چھڑائیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بولے کہ بزرگوں کا احترام کرتے ہیں، پی ٹی آئی کی طرح گالی نہیں دیں گے، 18 ماہ کی حکومت نے اتحادی نے ذاتی دشمنی پر توجہ دی۔ پرانی سیاست نے ملک کو تباہ کردیا، میں صرف نعروں اور وعدوں پر الیکشن نہیں لڑ رہا، سندھ میں جو کام کیے اس کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن لڑ رہا ہوں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ چترال کےعوام کا شکرگزار ہوں، ہم کام کرتے رہیں گے، چترال وہ جگہ ہے جہاں سے نصرت بھٹو منتخب ہوئی تھیں، چترال میراخاندان ہے، چترال میرا گھر ہے۔ ملک کے تمام مسائل کا حل پیپلزپارٹی کے پاس ہے، پورے ملک میں مہنگائی ہے، ہر حکومت میں مہنگائی، بیروزگاری کا مقابلہ کیا، پیپلزپارٹی کے ہر دور میں لوگوں کو روزگار ملا، جب بھی موقع ملا پیپلزپارٹی نے مسائل کو حل کیا، تمام مسائل کا حل ہمارے منشور میں موجود ہے، آپ ساتھ دیں گے تو کوئی مشکل نہیں، چاہتا ہوں عوام کے مسائل حل کروں۔ مجھے پشاور سے جیالا وزیراعلیٰ چاہیے، چاہتا ہوں وفاق میں ہماری حکومت بنے۔