Saturday, April 27, 2024

بیشتر منحرف ارکان عوامی دباؤ کے باعث واپس آئیں گے، وزیراعظم عمران خان

بیشتر منحرف ارکان عوامی دباؤ کے باعث واپس آئیں گے، وزیراعظم عمران خان
March 19, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بیشتر منحرف ارکان عوامی دباؤ کے باعث واپس آئیں گے۔ جیسے جیسے ووٹ کا دن قریب آئے گا تو یہ سارے لوگ واپس آئیں گے۔

ہفتہ کے روز راولپنڈی میں رنگ روڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے عدم اعتماد لاکر بہت زبردست کام کیا ہے، لوگوں کو نظر آگیا ہے ارکان اسمبلی کے ضمیر خریدنے کے لیے منڈی لگی ہوئی ہے۔ یہ چوری کا پیسہ عوام کا ہی پیسہ ہے جس سے ارکان کے ووٹ خریدے جارہے ہیں، یہ سب کچھ چھپ کر نہیں سامنے کیا جارہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں اور چھپ کر کوئی غلط کام ہی کیا جاتا ہے، عوام کو اس قسم کی سیاست کی شکل دیکھنی چاہئے تھی، اچھا ہوا قوم نے یہ بھی دیکھ لیا، اسے جمہوریت نہیں کہتے، جمہوریت کسی اور چیز کا نام ہوتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مغربی دنیا میں فلور کراسنگ کا تصور بھی نہیں ہے، مغربی کلچر میں پیسے لے کر ووٹ بیچنے کا بہت خوف ہوتا ہے، مغرب میں ایسی حرکتیں نہیں ہوسکتیں جیسی سندھ ہاؤس میں ہورہی ہیں۔ ہمارے لوگ ذرا جذبات میں آگئے۔

وزیراعظم بولے کہ پُرامن احتجاج جمہوریت میں حق ہے، اگر کوئی آپ کی پارٹی میں ووٹ لے کر دوسری طرف چلا جاتا ہے تو حق ہی نہیں، احتجاج فرض بن جاتا ہے۔ اصل پریشر عوام کا ہوتا ہے، عوام بتائے کہ جو اپوزیشن کررہی ہے کیا یہ جمہوریت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغرب میں ایسا کرنے کا تصور ہی نہیں ہوتا، سیاست ہی ختم ہوجاتی ہے، آج پیش گوئی کرتا ہوں جیسے جیسے عدم اعتماد کے ووٹ کے قریب پہنچیں گے، ان میں سے زیادہ تر واپس آئیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ زمانہ بدل چکا ہے، چھانگا مانگا کی سیاست کے وقت سوشل میڈیا نہیں تھا، 27 تاریخ کو اتنی عوام آئے گی جتنی اسلام آباد کی تاریخ میں کبھی اکٹھی نہیں ہوئی ہوگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ سے اسلام آباد کا ایکسپریس وے منسلک ہوجائے گا۔ ہم نے رنگ روڈ کے ساتھ انڈسٹریل زون بھی پلان کررکھے ہیں۔ رنگ روڈ ہمارے اناج کی پیداوار والے علاقے بچائیں گے۔ کہا کہ نالہ لئی کا پراجیکٹ انشا اللہ ہم اگلے 3 ہفتوں میں لانچ کریں گے، نالہ لئی کے ساتھ نیا راولپنڈی بنائیں گے، پنڈی کو ایک ماڈرن شہر بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی بڑی تیزی سے بڑھ رہی ہے، شہروں کو پھیلنے سے روکنا ہے، اسلام آباد دس سال میں دوگنا ہو گیا ہے، جیسے لاہور پھیلتا گیا ایسے ہی پنڈی پھیلتا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ بزدار کو کہا ہے کہ اپنے شہروں کے ماسٹر پلان پرڈوس کریں، ہمیں اپنی زرعی زمین بچانی ہے۔ لندن کے باہر گرین ایریاز ہیں، اس سال تمام شہروں کے ماسٹر پلان تیار ہوجائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان میں فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے، ہم خوش قسمت ہیں کہ ہماری پچھلی چار فصلوں میں ریکارڈ پیداوار ہوئی، آلو کی فصل کی پیداوار بہتر ہو رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سنٹرل ڈسٹرکٹ سٹی اب ماڈرن سٹی بن رہی ہے، سنٹرل ڈسٹرکٹ میں تاریخ کے سب سے مہنگے پلاٹ فروخت ہوئے۔ راوی اربن پراجیکٹ کے ذریعے لاہور کو بھی بچا رہے ہیں۔

عمرا خان نے مزید کہا کہ پاکستان میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کی گروتھ تیزی سے بڑھی ہے، اسی وجہ سے ہماری ٹیکس کولیکشن بھی بہتر ہوتی چلی جارہی ہے۔