Wednesday, May 1, 2024

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا کراچی میں آغاز، بلاول بھٹو اور اہم شخصیات نے افتتاح کیا

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا کراچی میں آغاز، بلاول بھٹو اور اہم شخصیات نے افتتاح کیا
November 15, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) – بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز دوہزار بائیس کا کراچی میں آغاز ہوگیا، وزیرخارجہ بلاول بھٹو اور اہم شخصیات نے نمائش کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ، وفاقی اور صوبائی وزراء کے علاوہ مختلف ممالک کے تجارتی اور فوجی وفود بھی موجود رہے۔ شرکاء نے نمائش میں لگائے گئے مختلف اسٹالز اور پویلینز کا دورہ کیا۔

چار روزہ آئیڈیاز نمائش میں ترکی، چین، نارتھ امریکا، ساﺅتھ امریکا، یورپ، ایشیا سمیت 64 ممالک اپنی بہترین مصنوعات کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں، آسٹریلیا، رومانیہ، ہنگری پہلی بار شریک ہیں۔

سندھ پولیس کی مجرموں کو پکڑنے کیلئے لانچ کی گئی جدید ایپ ’’تلاش‘‘ بھی نمائش کا حصہ ہے، 17 نومبر کو سی ویو نشان پاکستان پر ڈرلز اور ایئرشو کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

نمائش میں ساٹھ فیصد حصہ عالمی اور چالیس فیصد پر مقامی اسلحہ بنانے والی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں۔ چونسٹھ ملکوں کے دوسوپچیاسی مندوبین بھی نمائش کا دورہ کریں گے۔

جدید ہتھیاروں کی نمائش میں پی او ایف نے مارٹن گولے اور شیل فائر کرنے والا ڈرون نمائش کے لئے پیش کردیا۔ مقامی سطح پر تیار کردہ ڈرون کا نام ابابیل رکھا گیا ہے، یہ درون جنگی اور غیر جنگی حالات میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ڈی جی رینجرزسندھ میجر جنرل اظہر وقاص نے ایکسپوسینٹر میں مختلف اسٹال کا دورہ کیا۔ ڈی جی رینجرز سندھ نے بکتر بند گاڑیوں کا جائزہ لیا۔ جدید ڈرونز سمیت گنز چیک کیں، اسٹال پر موجود اسٹاف نے ڈی جی رینجرز کو بریفنگ دی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت نے بہت سے چیلنجز کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پوری دنیا میں امن کیلئے کردار ادا کیا اور کرتا رہے گا، خارجہ پالیسی کے تحت دوسرے ممالک سے تعلقات بہتر کر رہے ہیں۔ گزشتہ 6 ماہ میں عالمی برادری سے تعلقات بہتر ہوئے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ سیلاب کی وجہ سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے پاکستان شدید متاثر ہوا۔