Monday, May 20, 2024

بطور صدر میرے پاس یہ اختیار نہیں کہ کسی کو کہوں کہ ڈائیلاگ کرو، ڈاکٹر عارف علوی

بطور صدر میرے پاس یہ اختیار نہیں کہ کسی کو کہوں کہ ڈائیلاگ کرو، ڈاکٹر عارف علوی
July 26, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے بطور صدر میرے پاس یہ اختیار نہیں کہ کسی کو کہوں کہ ڈائیلاگ کرو۔

صدرعارف علوی سے سینئر صحافیوں کی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے اس تاثر کو رد کر دیا کہ ان کے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ تعلقات خراب ہیں، بولے موجودہ حکومت میں میرے پاس 74 سمریاں دستخط کے لیے آئیں جن میں سے 69 سمریاں اسی روز دستخط کرکے واپس بھیجوائیں۔

عارف علوی نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ غیرملکی خط پر اگر کوئی تحقیقات ہوئی ہیں تو انکو عوام کے سامنے لایا جائے۔ بطور صدر میرے پاس یہ اختیار نہیں کہ کسی کو کہوں کہ ڈائیلاگ کرو۔ تمام فریق راضی ہوں تو ایوان صدر کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

صدر مملکت نے ایک سوال کے جواب میں کہا میں نے نہ آئین توڑا ہے نہ غداری کی ہے، جس نے غداری کی ہے اس پر آرٹیکل 6 ضرور لگائیں، ذاتی حیثیت میں سمجھتا ہوں کہ کلیئر مینڈیٹ بہت ضروری ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے ایک سوال پر کہا کہ آرمی چیف کی تقرری وقت سے پہلے کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ ملک میں فوج کا آئینی کردار نہیں ہوتا۔ بلاول بھٹوزرداری نے امریکہ سے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔ عمران خان سے وٹس ایپ پر بات ہوتی ہے، ان سے آخری بات پنجاب کے گورنر کے معاملے پر ہوئی تھی۔ عمران خان سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین یا نیب قانون کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔