Monday, May 6, 2024

برطانیہ یوکرین کو اہداف پر حملوں کیلئے اکسانا بند کر دے، روس کا انتباہ

برطانیہ یوکرین کو اہداف پر حملوں کیلئے اکسانا بند کر دے، روس کا انتباہ
April 27, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - روس نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ یوکرین کو اہداف پر حملوں کیلئے اکسانا بند کر دے۔

روس نے یوکرین کے معاملہ پر برطانیہ کو براہ راست دھمکی دے دی۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ برطانیہ یوکرین کو اہداف پر حملوں کیلئے اکسانا بند کر دے۔ ہم برطانوی نائب وزیردفاع  جیمز ہیپی کے بیانات دیکھ رہے ہیں۔ برطانیہ باز نہ آیا تو سخت جواب کیلئے تیار رہے جبکہ  کیف میں فیصلہ سازی کے مراکز بھی  ہمارے میزائلوں کی زد میں ہیں ۔

ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوئترس نے   روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کی اور ان سے ماریو پول کے اسٹیل پلانٹ میں محصور شہریوں کے انخلا پر بات چیت کی۔ پیوٹن نے انخلا کے عمل میں  ریڈ کراس اور یواین او سے تعاون کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

دوسری طرف امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے سینیٹ کی خارجہ کمیٹی کو بتایا ہے کہ امریکا آئندہ ہفتے سے یوکرین میں سفارتخانہ دوبارہ کھول رہا ہے۔ یہ سفارتخانہ 3 سال سے بند تھا جبکہ برائٹ برنک کو یوکرین میں امریکی سفیر نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یوکرینی صدر کے مطالبہ پر اسلحہ کی نئی کھیپ بھی آئندہ 72 گھنٹے میں بھجوائی جارہی ہے۔

جرمنی نے بھی یوکرین کو بھاری ہتھیار فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانیہ بھی یوکرین کو طیارہ شکن گیپارڈ ٹینک فراہم کرے گا۔ اس بات کا اعلان جرمن ایئربیس پر اتحادیوں کے اجلاس میں کیا گیا۔