Saturday, May 18, 2024

برطانیہ کے شاہ چارلس سوئم کی تاج پوشی، لندن میں تاریخی تقریب

برطانیہ کے شاہ چارلس سوئم کی تاج پوشی، لندن میں تاریخی تقریب
May 6, 2023 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - شاہ چارلس سوئم برطانیہ کے 40 ویں بادشاہ بن گئے، تاجپوشی کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت 2 ہزار سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔ ویسٹ منسٹرایبے میں ہونے والی تقریب میں شاہی شان وشوکت کے ساتھ تمام رسومات اور روایات پر عمل کیا گیا۔

70 سال بعد تاج برطانیہ شاہ چارلس سوئم کے سر سج گیا۔ ملکہ الزبتھ کی وفات کے بعد ان کے بڑے بیٹے چارلس سوئم برطانیہ کے بادشاہ بن گئے۔

تاج پوشی کی تقریب کا آغاز صبح اس وقت ہوا، جب شاہ چارلس سوئم 10 بجکر 20 منٹ پر بگھی میں بکنگھم پیلس سے ویسٹ منسٹر کیلئے روانہ ہوئے، راستے میں ہزاروں افراد نے اپنے نئے شاہ کا دیدار کیا۔

شاہ چارلس نے اپنے دادا جارج ششم کا ریگالیہ پہنا، آرچ بشپ آف کینٹربری نے ان سے حلف لیا۔

حلف نامے پر دستخط کے بعد شاہ چارلس نے سینٹ ایڈورڈ چیئر سنبھال لی، آرچ بشپ آف کینٹربری نے شاہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا پارکر کو تاج پہنایا۔

برطانیہ میں 1066 سے شروع ہونے والی بادشاہت کے اس سلسلے میں شاہ چارلس 40 ویں شاہی حکمران بن گئے، وہ تاریخی کنگ ایڈورڈ تاج پہننے والے ساتویں شاہی سربراہ ہیں۔

تاجپوشی کے بعد دعائیہ گیت پیش کئے گئے۔ تقریب میں، برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے استقبالیہ پیش کیا۔

تاجپوشی کے بعد شاہ چارلس اور ملکہ کنسورٹ کو شاہی بگھی میں بیکھنگم پیلس پہنچایا گیا، راستے میں ہزاروں افراد نے شاہی جوڑے کا خیرمقدم کیا۔

تاجپوشی کے بعد شاہ چارلس کو توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔

بادشاہ چارلس 14 نومبر 1948ء کو پیدا ہوئے، بادشاہ چارلس کو 1969ء میں باقاعدہ پرنس آف ویلز بنایا گیا۔ بادشاہ چارلس نے فوجی خدمات بھی انجام دے رکھی ہیں۔

بادشاہ چارلس نے پہلی شادی 1981ء میں آنجہانی پرنسس آف ویلز ڈیانا سے کی، اس کے بعد کمیلا پارکر کے ساتھ 2005ء میں رشتہ ازدواج میں بندھے، بادشاہ چارلس کے دوبیٹے شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری ہیں۔

بادشاہ چارلس کے بیٹے شہزادہ ولیم کو پرنس آف ویلز کا اعزاز عطا کردیا گیا، چارلس گزشتہ سال ستمبر میں ملکہ الزبتھ کے انتقال کے بعد بادشاہ بن گئے تھے۔