Thursday, April 25, 2024

برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم پورے اعزاز کیساتھ سپرد خاک

برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم پورے اعزاز کیساتھ سپرد خاک
September 20, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کو پورے اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ 

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی ملکہ برطانیہ کی لاکھوں سوگوار وں کی موجودگی میں تدفین کر دی گئی۔ آخری دعائیہ تقریب سے لیکر تدفین تک کئی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، ملکہ کی آخری رسومات میں امریکا، کینیڈا، فرانس سمیت دنیا بھر سے 500 عالمی رہنما شریک ہوئے۔

برطانیہ پر 70 برس تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات سرکاری اعزاز اور فوجی جلوس کے ساتھ ادا کی گئیں، تقریب کے بعد ملکہ کو سینٹ جارج چیپل ونڈزر میں ان کے شوہر شہزادہ فلپ کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

ملکہ کی میت ویسٹ منسٹر ایبے میں دعائیہ تقریب کے بعد ونڈزر کاسل لے جائی گئی جہاں سینٹ جارج چیپل میں تابوت رائل والٹ میں اتار دیا گیا۔ ویسٹ منسٹر ایبے میں ایک الوداعی تقریب میں شاہ چارلس سوم اور برطانوی شاہی خاندان کے علاوہ عالمی رہنماء اور دیگر ممالک کے شاہی خاندانوں کے افراد شامل تھے۔

ملکہ کا تابوت شاہی جلوس میں ویسٹ منسٹر پیلس سے ویسٹ منسٹر ایبے تک لایا گیا، تاریخی چرچ ویسٹ منسٹر ایبی میں دعائیہ تقریب میں دو ہزار افراد شریک ہوئے، دعائیہ تقریب کے بعد شاہ چارلس نے برطانوی پرچم کو تابوت پر رکھا۔ لارڈچیمبرلین نے اپنی سرکاری چھڑی توڑ کر تابوت پر رکھ دی۔

ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے دنیا بھر سے آئے سربراہان مملکت، اہم شخصیات، برطانیہ کے سینئر سیاستدان اور سابق وزرائے اعظم بھی موجود تھے، وزیراعظم شہبازشریف نےبھی شرکت کی، تقریب کے اختتام پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، برطانوی ترانہ بجایا گيا۔