Thursday, April 25, 2024

برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کا سفر آخرت، دعائیہ تقریب کے بعد تابوت ونڈسر قلعہ منتقل

برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کا سفر آخرت، دعائیہ تقریب کے بعد تابوت ونڈسر قلعہ منتقل
September 19, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کا ویسٹ منسٹر ایبے چرچ میں دعائیہ تقریب کے بعد تابوت ونڈسر قلعہ منتقل کر دیا گیا۔

برطانیہ پر 70 برس تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔ ملکہ برطانیہ کے تابوت کو رائل نیوی کی سرکاری گن کیرج میں ویسٹ منسٹر ہال سے ویسٹ منسٹرایبی لایا گیا۔

شاہ چارلس سوم، شہزادہ ولیم، ہیری گن گیرج کے پیچھے پیدل چل رہے تھے۔ ویسٹ منسٹرایبی میں دعائیہ سروس ڈین آف ویسٹ منسٹر ڈیوڈ ہوئلے نے کرائی۔

دعائیہ تقریب کے اختتام پر بگل بجایا گیا، جس کے بعد ملک بھر میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ دو منٹ کی خاموشی کے بعد قومی ترانے کے ساتھ ہی دعائیہ سروس کا اختتام ہوا۔ دعائیہ سروس کے بعد ملکہ کا تابوت ویسٹ منسٹر ایبی سے لندن کے ہائیڈ پارک کارنر میں واقع ولنگٹن آرچ لے جایا جایا گیا۔

ملکہ کے تابوت کو لے جانے والی گن کیرج کے پیچھے پیدل چلنے والے شاہی خاندان کی قیادت شاہ چارلس سوم نے کی۔ ویسٹ منسٹر ایبے میں دنیا بھر سے آئے ہوئے غیر ملکی سربراہان مملکت، شاہی خاندان کے افراد موجود تھے۔

امریکا، فرانس، کینیڈا کے صدور بھی ویسٹ منسٹر ایبے میں موجود تھے۔ سابق وزیر اعظم بورس جانسن اپنی اہلیہ کیری کے ہمراہ ویسٹ منسٹر ایبے پہنچے۔ نائب چینی صدر کی قیادت میں چینی وفد بھی ویسٹ منسٹرایبے آخری رسومات میں شریک تھا۔ ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات کے موقع پر برطانیہ میں عام تعطیل ہے۔ برطانیہ کے 125 سنیما گھر ملکہ کی آخری رسومات دکھائی گئیں۔

ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں بند ہیں جبکہ ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کیلئے تاریخ کے سخت ترین حفاظتی انتظامات  کئے گے ہیں۔ وسطی لندن میں 22 میل طویل آہنی بیرئیرز لگائے  گئے ہیں جبکہ  لندن کی فضاؤں میں ڈرون اڑانے پر عارضی پابندی عائد ہے۔ انڈر گراؤنڈ اسٹیشن بھی بند  ہیں۔