Saturday, May 18, 2024

برطانیہ کی حکمران پارٹی کی رہنما سعیدہ وارثی نے شہریت بل کی مخالفت کر دی

برطانیہ کی حکمران پارٹی کی رہنما سعیدہ وارثی نے شہریت بل کی مخالفت کر دی
January 28, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) برطانیہ کی حکمران پارٹی کی رہنما سعیدہ وارثی نے شہریت بل کی کھل کر مخالفت کر دی۔

ایک ہی جیسے جرائم میں ملوث برطانوی شہریوں سے امتیازی سلوک کیوں کیا جارہا ہے؟ قانون تمام برطانوی شہریوں کیلئے ایک جیسا کیوں نہیں؟ برطانیہ میں ہاؤس آف لارڈز کی رکن بیرونس سعیدہ وارثی نے برطانوی قانون پر سوال اٹھا دیئے۔

دارالامرا سے خطاب کرتے ہوئے سعیدہ وارثی نے کہا کہ آبائی تعلق کی بنیاد پر ایک مجرم کی تو برطانوی شہریت منسوخ کی جا سکتی ہے جبکہ دوسرے کی نہیں، ایسا کیوں کیا جارہا ہے؟

سعیدہ وارثی کا کہنا تھا کہ معاشرے کو تقسیم کرنے والی اس پالیسی کو ختم کرنا ہو گا، قانون تمام برطانوی شہریوں کے لیے ایک جیسا ہونا چاہیے۔

برطانوی ہوم سیکرٹری پریتی پٹیل نے گزشتہ ماہ نیشنلٹی اینڈ بارڈر بل میں ایک نئی شق شامل کی تھی جس کے بعد حکومت کو یہ اختیار حاصل ہو گا کہ وہ کسی کو بتائے بغیر اس کی برطانوی شہریت ختم کر سکتی ہے۔ نئی شق کے مطابق حکومت کسی ایسے شخص کو نوٹس دینے سے بھی مستثنیٰ ہو گی جس کی شہریت ختم کرنا مقصود ہو گی۔