اسلام آباد (92 نیوز) - برطانوی ہائی کمشنر نے پاک انگلینڈ کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں اعشائیہ دیا۔ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی اعشائیہ میں شرکت کی اور دونوں ٹیموں کے کپتانوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا حکومت انگلش ٹیم کو بہترین سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ پوری قوم 17 سال بعد پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تاریخی ٹیسٹ سیریز کے لیے پرجوش ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے موزوں ترین جگہوں میں سے ایک ہے اور پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستانی لوگ کرکٹ کے بارے میں کتنے پرجوش ہیں۔
برطانوی کپتان بین اسٹوکس نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کی مہمان نوازی پر بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے کھیل کی امید بھی ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے نہ صرف ڈومیسٹک کرکٹ بلکہ پاکستانی ناظرین، شائقین اور عوام کے لیے بھی مثبت سرگرمیاں آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر، حکومت پاکستان اور وزیراعظم آفس کا کردار ناقابل فراموش ہے۔