Wednesday, April 24, 2024

برطانوی عدالت کا گلوکار اکرم راہی کو دھوکہ دہی پر ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ جرمانہ کیا، ایس ایم صادق

برطانوی عدالت کا گلوکار اکرم راہی کو دھوکہ دہی پر ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ جرمانہ کیا، ایس ایم صادق
March 22, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - نغمہ نگار ایس ایم صادق نے کہا کہ برطانوی عدالت نے پاکستانی گلوکار اکرم راہی کو 2 میوزک کمپنیوں کے ساتھ دھوکہ دہی پر 3 اپریل تک ایک لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ ادا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ گلوکار کو مجموعی طورپر ساڑھے آٹھ کروڑجرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

یہ بات نامور نغمہ نگار ایس ایم صادق نے اپنے وکیل چودھری شفقات محمود اوراپنے صاحبزادے وسیم صادق کے ہمراہ پریس کلب لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران دستاویزات پیش کرتے ہوئے کہی، ایس ایم صادق نے بتایا کہ اکرم راہی نے اپنی کتاب میں نہ صرف جگا اور سیف الملوک لکھنے کا دعویٰ کیا ہے بلکہ میرے بھی 250 سے زیادہ مشہور گانے اپنی کتاب میں شامل کئے ہیں۔

ایس ایم صادق کا کہنا تھا کہ اکرم راہی نے اپنے سکیورٹی گارڈ کے نام پر جعلی پیپر بنائے، عدالت میں فیک ڈاکومنٹس پیش کئے، دھوکہ دہی ثابت ہونے پر برطانیہ کی عدالت نے گلوکار کو ایک لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ  ساڑھے آٹھ کروڑ کا جرمانہ 3 اپریل تک جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

ایس ایم صادق نے کہا کہ میں نے بھی پاکستان کی عدالت میں اکرم راہی کے خلاف کیس کر رکھا ہے، امید ہے مجھے بھی عدالت سے انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اکرم راہی نے جعل سازی سے مختلف گانوں پر مبنی کتاب اپنے نام سے رجسٹرڈ کروائی، برطانوی عدالت نے فیصلے میں لکھا اکرم راہی جھوٹے ہیں۔