Friday, April 19, 2024

بنی گالہ پر چھاپے ماریں گے تو جاتی امرا بھی زیادہ دور نہیں، فواد چودھری

بنی گالہ پر چھاپے ماریں گے تو جاتی امرا بھی زیادہ دور نہیں، فواد چودھری
August 13, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - رہنماء پی ٹی آئی فواد چودھری کہتے ہیں بنی گالہ پر چھاپے ماریں گے تو جاتی امرا بھی زیادہ دور نہیں۔ تحریک شروع کردیں تو حکومت پانچ دن نہ چل سکے۔

ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچیس مئی کے تشدد میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی، مزید کہا رانا ثنا اللہ اور دیگر کے خلاف تحقیقات شروع کی گئی ہیں، رانا ثنا اللہ اور عطا تارڑ کو پولیس کے سامنے پیش ہونا چاہئے۔

فواد چودھری نے کہا کہ تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے دوران تشدد میں ملوث کچھ پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا، کچھ گرفتاریاں بھی ہوئیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہبازگل کی درخواست ضمانت پیر کو درج کی جائے گی۔ ان کے ڈرائیور کی اہلیہ کو گرفتار کرکے اس کی بچی سے دور کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماء بولے کہ تحریک انصاف نے حقیقی آزادی کا مطلب سمجھایا، عمران خان اس وقت قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں، آج کے جلسہ میں عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ آج لاہوریوں کے ساتھ مل کر آزادی کا جشن منانا چاہتے ہیں۔

فواد چودھری بولے کہ موجودہ حکومت نے تحریک انصاف کے دور کے بہت سے پروگرام ختم کردیئے۔ کہا کہ پٹرولیم کی قیمتیں 90 ڈالر پر آنے کے باوجود ملک میں کم نہیں کی گئیں۔

اس سے قبل ہفتہ کے روز اپنے ٹویٹ پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں لوگوں کے گھروں میں گھس کر چادراور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ اس کے برعکس پنجاب حکومت نے انتہائی بردباری کا ثبوت دیا، عطا تارڑ اور دیگر ملزمان کو طلب کیا ہے تاکہ وہ شامل تفتیش ہوں اور خواتین، بچوں نہتے شہریوں پر تشدد کے الزامات پر اپنے کردار کی وضاحت کریں۔